ٹیلنٹ ضائع نہیں ہونے دوں گا ، رمیز راجہ

ٹیلنٹ ضائع نہیں ہونے دوں گا ، رمیز راجہ

لاہور ( نیا ٹائم ) چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ میرے ہوتے ہوئے میرٹ ضائع نہیں ہو سکتا ۔ رمیز راجہ نے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں سنٹرل پنجاب سے وابستہ کرکٹ کلبوں کے صدور سے ملاقات کے بعد گراس روٹ لیول پر پر کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنا پلان پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو نمبر ون بنانے کی سوچ اور جذبہ رکھنا چاہئے ۔ میں پاکستانی کرکٹ ٹھیک کرنا اور عزت سے کام کرنے کے لیے آیا ہوں ، جس کے لیے میں نے اپنا کیرئیر چھوڑ دیا ہے ۔ میں بطور چیئرمین پی سی بی ایک پائی تک وصول نہیں کروں گا ۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے مزید کہا کہ مجھے کلبز کے مسائل سے آگاہی ہے ، آپ کو کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ، سیدھا میرے پاس آئیں ، آپ لوگوں کو عزت ملے گی ، آپ مجھے عزت دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مسائل بہت زیادہ ہیں ، پچز اور کوچنگ کا معیار بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے دروازے ہر وقت آپ لوگوں کے لیے کھلے ہیں ، کالج اور فرسٹ کلاس کرکٹ صرف آپ لوگوں کی وجہ سے ممکن ہے ، اس حوالے سے میری جتنی بھی مدد کی ضرورت ہوئی میں فراہم کروں گا ۔ چیئرمین پی سی بی نے سینٹرل پنجاب کے کرکٹ کلبز کے صدور کو یقین دہانی کروائی کے میرے ہوتے ہوئے نہ کسی کی سفارش چلے گی اور نہ ہی کسی کا ٹیلنٹ ضائع ہو گا ۔ مجھے معلوم ہے کہ ٹیلنٹ کو کیسے نکھار کر سامنے لایا جا سکتا ہے ۔ میں کسی کو بھی مایوس نہیں ہونے دوں گا ۔