• Wednesday, 20 October 2021
نئی فصل آنے سے پہلے ہی روئی کی قیمتیں گر گئیں

نئی فصل آنے سے پہلے ہی روئی کی قیمتیں گر گئیں

کراچی ( نیا ٹائم ) کسان کو اب پھر اس کی محنت کا صلہ نہیں مل سکے گا ۔ کاٹن کی عالمی مارکیٹ میں روئی کی قیمتوں میں 3.31 سینٹس فی پاؤنڈ جبکہ پاکستانی مارکیٹ میں روئی کی قیمت فی من 700 روپے کم ہو گئی ، ذرائع کے مطابق روئی کی قیمتوں میں کمی ایک بڑے چینی رئیل سٹیٹ ٹائیکون "ایور گرینڈی " کے نادہندہ ہونے کی افواہوں کے باعث ہوئی ۔ مذکورہ کمپنی کے حصص دنیا بھر کی سٹاک ایکس چینجز میں ٹریڈ ہوتے ہیں ، جبکہ یہ کمپنی 305 ارب ڈالر کی مقروض بھی ہے جبکہ اس نے ستمبر کے آخری ہفتے میں قرضوں اور سود کی مد میں بڑی ادائیگیاں کرنی ہیں ۔ تاہم کمپنی کے نادہندہ ہونے کی افواہوں سے دنیا بھر میں کاٹن مارکیٹ کی سرگرمیاں انتہائی متاثر ہوئیں اور سرمایہ کاروں کے اربوں ڈالر ڈوب گئے ۔ امریکا ، بھارت اور چین کی کاٹن مارکیٹ میں رونما ہونے والی شدید مندی کا اثر پاکستانی مارکیٹ پر بھی واضح نظر آیا جہاں فی من روئی کی قیمت 13400 روپے سے کم ہو کر 12800 روپے ہو گئی ۔ کاشتکاروں اور جنرز کو بھاری نقصان کا اندیشہ ہے ۔ عالمی مارکیٹ میں افواہوں کے منفی اثرات زائل ہونے تک روئی کی قیمتوں میں دوبارہ تیزی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔