ملک میں مہنگائی کم ہونے کا دعویٰ کس نے کیا ؟

ملک میں مہنگائی کم ہونے کا دعویٰ کس نے کیا ؟

اسلام آباد ( نیا ٹائم ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ملک میں مہنگائی کم ہونے کا انوکھا دعویٰ کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دالوں ، سبزیوں ، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے سرگرم ہیں اور انہوں نے ہدایات دی ہیں کہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے قیمتوں میں کمی لائی جائے ۔ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیر اعظم نے پارٹی لیڈر شپ کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایات دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک میں جلد بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے شیڈول بھی جاری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔  فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے احساس پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت میں متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے اقدامات بھی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب احساس پروگرام کی سبسڈی سکیم میں حصے دار بنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر نے بھی اس سکیم میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کو بھی اس سکیم میں حصہ دار بننا چاہئے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے الزام لگایا کہ سندھ حکومت گندم کی فراہمی میں تاخیر کر رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے آج بھی سندھ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نسبت 400 روپے مہنگا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں برس ملک میں گنے کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہو گی جبکہ کپاس کی پیداوار بھی گزشتہ سال کی نسبت 60 فیصد زائد متوقع ہے ۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں مسلسل کمی آ رہی ہے تاہم شوگر ملز میں کرشنگ سیزن شروع ہوتے ہی چینی مزید سستی ہو جائے گی ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے مہنگائی ہوئی تاہم حکومت مہنگائی سے نمٹنے کی پوری طرح کوشش کر رہی ہے ۔