• Wednesday, 20 October 2021
شعیب ملک کی قسمت کھل گئی

شعیب ملک کی قسمت کھل گئی

 

لاہور ( نیا ٹائم ) قومی کرکٹ ٹیم میں صہیب مقصود کے ان فٹ ہونے سے شعیب ملک کی قسمت کھل گئی ، شعیب ملک کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر شعیب ملک کو صہیب مقصود کے ان فٹ ہونے پر آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے ۔ صہیب مقصود آج کمر میں تکلیف کے باعث قومی ٹی ٹوئنٹی کے سکواڈ سے باہر ہو گئے تھے ۔ صہیب مقصود کا ایم آر آئی سکین 6 اکتوبر کو کروایا گیا تھا ۔

صہیب مقصود کے ان فٹ ہونے پر قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ بڑے ایونٹ سے قبل صہیب مقصود کا ان فٹ ہو کر ٹیم سے باہر ہونا افسوسناک ہے ۔ انہوں نے اس بڑے ایونٹ کے لیے بڑی محنت کی تھی ، اس کا ہمیں احساس ہے مگر انجریز کھیل کا حصہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ صہیب جلد اپنی انجری سے چھٹکارا پا کے قومی کرکٹ ٹیم میں دوبارہ دستیاب ہوں گے ۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ صہیب مقصود کے ٹیم سے باہر ہونے پر مشاورت کے بعد ان کی جگہ سینئر مڈل آرڈر بیٹر شعیب ملک کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ امید ہے کہ شعیب ملک کا تجربہ قومی ٹیم کے لیے بہت کارگر ثابت ہو گا ۔ واضح رہے شعیب ملک نے 2007 ء میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوءنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی تھی اور وہ 2009ء ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ رہے ہیں ۔ انہوں نے 2012 ء 2014ء اور 2016 ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی ۔ قومی کرکٹ ٹیم 15 اکتوبر کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات روانہ ہو گی اور میگا ایونٹ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں جاری رہے گا ۔

ایونٹ میں قومی کرکٹ ٹیم پہلا میچ 24 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گی ۔ ٹورنامنٹ سے قبل پاکستانی ٹیم 18 اور 20 اکتوبر کو بالترتیب ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچز بھی کھیلے گی ۔ 15 رکنی قومی سکواڈ میں بابر اعظم کپتان ، شاداب خان ،آصف علی ، محمد حفیظ، فخر زمان، حیدر علی ، حارث رؤف ، حسن علی، عماد وسیم ، محمد نواز ، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک شامل ہیں ۔