• Wednesday, 20 October 2021
داعش کے گرد گھیرا تنگ

داعش کے گرد گھیرا تنگ

کابل ( نیا ٹائم ویب ڈیسک ) افغانستان میں طالبان نے داعش کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ۔ طالبان نے افغانستان میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف آپریشن تیز کرتے ہوئے کئی جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان سکیورٹی فورسز نے افغان صوبے ننگر ہار میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے داعش کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے ۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبہ ننگر ہار کے دارالحکومت جلال آباد میں داعش کے دہشت گردوں کے  خلاف دو مختلف کارروائیاں کی گئیں ۔ جس دوران داعش کے 4 جنگجو مارے گئے ۔ تاحال طالبان کی جانب سے آپریشن کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئی ہیں ۔واضح رہے گزشتہ دنوں میں قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سابق ترجمان اور اقوام متحدہ میں افغانستان کے نامزد سفیر سہیل شاہین نے دعویٰ کیا تھا کہ داعش کے خلاف کارروائی کرنے اور انہیں ختم کرنے کے لیے ہمیں کسی ملک کی مدد کی ضرورت نہیں ، ہم  خود دہشت گردی سے نمٹنے اور دہشت گرد  حملوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ واضح رہے افغانستان میں طالبان کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے اب تک داعش کئی حملے کر چکی ہے جس میں طالبان فورسز کے اہلکاروں سمیت کئی بے گناہ افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔ طالبان نے افغانستان میں داعش کے خاتمے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا ۔