• Wednesday, 20 October 2021
تحریک انصاف نہیں چھوڑوں گا ، جہانگیر ترین

تحریک انصاف نہیں چھوڑوں گا ، جہانگیر ترین

لودھراں ( نیا ٹائم ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ دینے اور تحریک انصاف نہ چھوڑنے کی یقین دہانی کروا دی ، کہتے ہیں عمران خان سچے لیڈر ہیں ، سیاست چھوڑ سکتا ہوں تحریک انصاف نہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے لودھراں میں ورکرز کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی کے لیے 8 سال تک دن رات محنت کی ، لیکن انتخابات سے 6 ماہ قبل مجھے نااہل کر دیا گیا ۔ اس کے باوجود میں نے عمران خان کی کامیابی کے لیے کام کیا کیونکہ وہ دیگر سیاستدانوں سے مختلف لیں ، اس لیے میں نے عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑا ۔ جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ میں سیاسی میدان سے سائیڈ پر ہو گیا اور ملک سے باہر چلا گیا لیکن میں نے فیصلہ کیا کہ نہ میں سیاست چھوڑوں گا نہ ہی میرا بیٹا سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرے گا ۔ ہم نہ سیاست چھوڑیں گے نہ ہی تحریک انصاف ۔ انہوں نے کہا کہ میں آئندہ بھی تحریک انصاف کی کامیاب کے لیے محنت کرتا رہوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل مجھے خان صاحب نے پیغام بھجوایا کہ پنجاب حکومت کے بغیر ہماری حکومت کا کوئی فائدہ نہیں ، جس پر میں نے ذمہ داری لی اور خان صاحب کو یقین دہانی کروائی کہ وہ بے فکر ہو جائیں ۔ ہماری پنجاب میں 8 سیٹیں کم تھیں لیکن اس کے باوجود ہماری حکومت بن گئی ۔ مجھے خان صاحب سے دور کرنے کے لیے سازش کی گئی اور پھر مجھے خان صاحب سے دور کر دیا گیا ۔ جو میرے لیے کوئی مسئلہ نہیں ۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ سازش کرنے والے جانتے ہیں کہ وہ ہم سے مکمل انتقام لیے اور ختم نہیں کریں گے میں ان کے لیے خطرہ رہوں گا ۔ جس کی وجہ سے یہ لوگ میرے پیچھے پڑے رہے ۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ میں ایک لیول کا سیاستدان ہوں اور میرے ساتھ کھڑے ہونے والے اراکین اسمبلی جب جب اپنے حلقوں میں گئے عوام نے انہیں بھرپور پذیرائی دی ۔