اپوزیشن سڑکوں پر آ گئی

اپوزیشن سڑکوں پر آ گئی

راولپنڈی ( نیا ٹائم ) پاکستان مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آ گئی ۔ پہلے مرحلے میں لیاقت باغ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ لیاقت باغ اور اطراف میں سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی معطل رہی ۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ے کہ عوام اب سڑکوں پر نکلے ۔ ملک نااہل چوروں اور لٹیروں کو مزید نہیں برداشت کر سکتا ، ان کو اب گھر جانا ہو گا ۔راولپنڈی میں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مہنگائی اور معاشی بدحالی کے خلاف منعقدہ پہلے احتجاجی مظاہرے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں غریب کی حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے ۔ لوگوں کے پاس کھانے کی روٹی نہیں ، نہ بجلی کے بل ادا کرنے کی ہمت رہی ہے ۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت ن لیگ نے کی جبکہ شرکاء میں جے یو آئی ف کے کارکن بھی موجود تھے ۔ تاہم پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر تھی ۔ مظاہرے کے شرکاء نے حکومت مخالف بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے ۔ احتجاجی مظاہرے کے پیش نظر راولپنڈی انتظامیہ نے صبح سے ہی مری روڈ کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا تھا تاہم دوپہر کے وقت کارکنان رکاوٹیں ہٹا کر لیاقت باغ کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں پہنچ گئے ۔ خواتین کارکنوں کی بھی بڑی تعداد احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئی جو آٹا چور ، حکومت اور گیس چور حکومت کے نعرے لگاتی رہی ۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے ۔ ملکی سلامتی تماشہ بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کے پاس آٹا چینی اور ادویات تک خریدنے کے پیسے نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی چکی میں پستے لوگ بچوں کی فیسیں ادا کرنے کے قابل نہیں رہے  نہ ہی گھروں کے کرائے ادا کرنے کی ہمت باقی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک مزید چور حکمرانوں کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ انہیں اب گھر جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں ، عوام حکمرانوں کو بددعائیں دینے پر مجبور ہیں ۔ واضح رہے گزشتہ روز قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ۔