• Wednesday, 20 October 2021
امریکی بحریہ کا انجینئر کس الزام میں پکڑا گیا ؟

امریکی بحریہ کا انجینئر کس الزام میں پکڑا گیا ؟

ورجینیا ( نیا ٹائم ویب ڈیسک ) امریکا میں جوہری آبدوزوں کے متعلق اہم اور خفیہ معلومات چوری کرنے کے الزام میں امریکی بحریہ کا انجینئر اہلیہ سمیت گرفتار ، ملزم اہم قومی معلومات بھاری داموں فروخت کرنے میں ملوث تھا ۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سکیورٹی اداروں نے ریاست ورجینیا میں کارروائی کرتے ہوئے امریکی بحریہ کے 42 سالہ نیوکلیئر انجینئر جوناتھن ڈوبئے اور اس کی اہلیہ 45 سالہ ڈیانا کو ہفتے کے روز گرفتار کیا جن پر الزام ہے کہ وہ جوہری معلومات کی غیر قانونی فروخت میں ملوث تھے ۔ دونوں ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ امریکی حکام کے مطابق امریکی بحریہ میں بطور نیوکلیئر انجینئر فرائض انجام دینے والے جوناتھن اور ان کی اہلیہ جوہری آبدوزوں سے متعلق معلومات بھاری داموں فروخت کر رہے تھے اور انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے ایف بی آئی ایجنٹ نے خریدار کا روپ دھار کر انہیں اپنے جال میں پھنسایا ۔ امریکی وزارت انصاف نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ملزموں نے ایف بی آئی انڈر کور ایجنٹ کو غیر ملکی حکومت کا اہلکار سمجھتے ہوئے جوہری آبدوزوں سے متعلق اہم اور خفیہ معلومات ایک لاکھ ڈالرز میں فروخت کیں ۔ وزارت انصاف کے مطابق گرفتار جوڑے پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے اور انہیں کل عدالت میں پیش کر دیا جائے گا ۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ملزم جوڑے نئے ایف بی آئی کے انڈر کور ایجنٹ کو کس ملک کا اہلکار سمجھ کر جوہری معلومات فروخت کی تھیں ۔