• Wednesday, 20 October 2021
افغان آبادکاری کے لیے امریکی نمائندہ کون؟

افغان آبادکاری کے لیے امریکی نمائندہ کون؟

 

واشنگٹن(نیا ٹائم ویب ڈیسک) امریکا میں بائیڈن انتظامیہ نے نامور سفارتکار ایلیزابیتھ جونز کو افغانستان میں نقل مکانی اور آباد کاری کے لیے کاوشوں کی قیادت کے لیے نامزد کردیا۔ نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سفیر ایلیزابیتھ جونز بطور کوآرڈینیٹر پورے افغانستان میں نقل مکانی کی کاوشوں ، افغانستان سے افراد کی روانگی اور انہیں امریکا میں آباد کاری کی سہولت مہیا کرنے کے لیے ہماری جاری کوششوں کی بھرپور نگرانی کریں گی۔

ایلیزابیتھ جونز کو ان کی ریٹائرمنٹ سے واپس بلا کر ریسکیو اور آباد کاری کے عمل کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔بطور فارن سروس افسر ان کا پہلا اسائنمنٹ کابل میں قیام تھا اور وہ افغانستان اور پاکستان کے لیے نائب خصوصی نمائندے کے فرائض بھی انجام دے چکی ہیں۔ وہ قازقستان میں بھی امریکی سفیر اور معاون سیکریٹری خارجہ رہ چکی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بتایا کہ ’جونز، امریکا میں افغان افراد کی نقل مکانی اور آباد کاری میں سہولت مہیا کرنے کی ہماری کاوشوں سے متعلق انتہائی نازک مسائل پر توجہ مرکوز کریں گی جن سے ہماری خصوصی وابستگی ہے‘۔اس کی ٹیم میں شامل سفارت کاروں کو گروپوں کی شکل میں چار اہم شعبوں پر تعینات کیا گیا ہے اور وہ شعبے لوگوں کو افغانستان سے باہر بھیجنا، ان افراد کو تیسرے ممالک میں آباد کرنا،امریکا میں افغانیوں کی آباد کاری اور رضاکار اور سابق فوجیوں کے گروپس کے ساتھ رابطہ کرنے کے ہیں۔