• Wednesday, 20 October 2021
اسرائیل کے ساتھ معاہدوں کی  منسوخی کا مطالبہ

اسرائیل کے ساتھ معاہدوں کی  منسوخی کا مطالبہ

واشنگٹن ( نیا ٹائم ویب ڈیسک ) امریکی کمپنی گوگل اور آن لائن کاروبار کی ویب سائٹ ایمازون کے ملازمین نے غزہ میں قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل کے ساتھ معاہدوں کی منسوخی کا مطالبہ کر دیا ۔ امریکی ویب سائٹ " داہل" کی رپورٹ کے مطابق ایما زون اور گوگل کے 400 سے زائد ملازمین نے برطانوی اخبار میں ایک مشترکہ خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج اور اسرائیلی حکومت کے ساتھ کیا گیا معاہدہ معطل کریں گے ۔ واضح رہے دونوں کمپنیوں نے رواں سال اسرائیلی حکومت اور اسرائیلی فوج کے ساتھ ایک ارب 20 کروڑ سے زائد مالیت کی کلاؤڈ سروس کی فراہمی کا معاہدہ کیا تھا ۔ برطانوی اخبار کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ یہ معاہدے ایسے وقت میں کیا گیا جب اسرائیل نے غزہ پر بمباری کر کے 60 بچوں سمیت 250 افراد کو ہلاک کر دیا تھا ۔ ملازمین نے لکھا کہ ہماری کمپنیوں کی سروسز سے اسرائیلی افواج اور حکومت کو فلسطینیوں کے خلاف امتیازی سلوک ، گھروں سے بے دخلی کے ظالمانہ عمل میں مزید تقویت حاصل ہو گی ۔ دونوں کمپنیوں کے ملازمین نے لکھے گئے خط میں اپنے نام ظاہر نہیں کئے ۔ دوسری طرف ابھی تک امریکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ تاحال ایمازون اور گوگل نے اس خط کے حوالے سے کوئی موقف نہیں دیا ہے ۔ واضح رہے گزشتہ طویل عرصے سے غزہ اور مغربی پٹی پر صیہونی افواج قابض ہیں اور آئے روز انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے بمباری کر کے بچوں سمیت کئی بے گناہوں کی جانیں لے چکا ہے ۔ جس پر او آئی سی سمیت دیگر اسلامک تنظیمیں مذمت کرتی رہی ہیں ، یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کسی ایسی امریکی کمپنی کے ملازمین نے غزہ اور فلسطین کے بے گناہوں کے لیے آواز اٹھائی ہے ۔